اٹھ کہ پھر ذوقِ سخن تازہ کریں

Imagem de capa

اٹھ کہ پھر ذوقِ سخن تازہ کریں
اپنی افتاد کا اندازہ کریں

دل کریں ماتمِ ہستی پہ نثار
اور چہرے پہ ہنسی غازہ کریں

نظم آشوبِ جہاں پر لکھیں
شورشیں وقت کی شیرازہ کریں

روک لیں نغمے خموشی کے تمام
پھر بلند ایک ہی آوازہ کریں

یا کریں در کو ہی دیوار اب کے
یا کہ دیوار کو دروازہ کریں

نیند ریحان کہاں آئے گی
اٹھ کہ پھر ذوقِ سخن تازہ کریں

محمد ریحان قریشی