گر پھول غزل گائے تو لگتا ہے کہ تم ہو

Imagem de capa

گر پھول غزل گائے تو لگتا ہے کہ تم ہو
بلبل کوئی کِھل جائے تو لگتا ہے کہ تم ہو

اژدر کوئی شرمائے تو لگتا ہے کہ تم ہو
کانٹا کوئی مرجھائے تو لگتا ہے کہ تم ہو

جب ٹوٹی ہوئی شاخ کوئی فرشِ چمن سے
اٹھ پیڑ سے لگ جائے تو لگتا ہے کہ تم ہو

جب وقت کا یہ قافلۂ ریگِ رواں بھی
منزل کا نشاں پائے تو لگتا ہے کہ تم ہو

صحرا کی جب آوارہ ہوا چاند سے جا کر
صندل کی مہک لائے تو لگتا ہے کہ تم ہو

جب دھوپ کی شدت سے مرے شیشۂ دل کا
سایہ بھی پگھل جائے تو لگتا ہے کہ تم ہو

ندی کو پھسلنے سے جو روکے کوئی تارہ
اور آپ ہی بہہ جائے تو لگتا ہے کہ تم ہو

احساس کی امکان پذیری کا تصور
‘لگنے’ سے جو کترائے تو لگتا ہے کہ تم ہو

محمد ریحان قریشی